ضلعی انتظامیہ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کا ٹرائیکاذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں اورگرانفروشوں کے ٹرائیکا کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا
فالسہ،سیب،کیلا،انگور،آڑو،تربوزسمیت دیگر پھل بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس فروخت ،مارکیٹ کمیٹی کا عملہ شدید گرمی میں منظر عام سے غائب
رحیم یارخان( نمائندہ خصوصی)عید گزر گئی،مگر خود ساختہ مہنگائی میں کوئی کمی نہ ہوسکی،پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے عوام سستی اشیاء،پھل،سبزیاں فراہم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،ٹماٹر،پیاز،لیموں،لہسن ادرک سمیت پھلوں،سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی،ضلعی انتظامیہ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کا ٹرائیکا،ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں اورگرانفروشوں کے ٹرائیکا کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا،شہری مہنگے داموں پھل سبزیاں خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق عید الضحیٰ کو گزرے آج 9روز ہوگئے مگر عیدالضحیٰ پر ہونیوالے خود ساختہ مہنگائی میں کوئی کمی واقع نہ ہوسکی،رحیم یارخان شہر اور گرد نواح میں آج بھی پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں،
فروخت و سبزی منڈی میں خریداری کرنے کیلئے آنیوالے شہریوں محمد فاروق،امتیاز احمد،غلام نبی،گلزار حسین،صابر حسین ،میاں حسین بخش،لالو خان،سبحان علی،محمد ارسلان،مزمل مشتاق اور عدنان علی نے بتایا کہ عید سے قبل 90روپے کلو بکنے والا پیاز عید سے ایک روز قبل 230روپے کلو تک پہنچ گیا تھا جو آج 20روپے فی کلو اضافہ کے ساتھ 250روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے،اسی طرح ٹماٹر عید ایک روز قبل 120روپے کلو فروخت ہو ا جو اب 15روپے کے خود ساختہ اضافہ کے ساتھ 135روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے،سبز مرچ،سبز دھنیا،پودینا کی گٹیاں 100،100روپے میں فروخت ہو رہی ہیں،آلو کا سرکاری ریٹ 80روپے جبکہ مارکیٹ میں 20روپے کے خود ساختہ اضافہ کے ساتھ 100روپے فی کلو،لیموں کا سرکاری ریٹ 540روپے جو60روپے اضافہ کے ساتھ 600،لہسن کا سرکاری ریٹ 420روپے فروخت 500روپے کلو،ادرک کا سرکاری ریٹ 700مارکیٹ میں 100روپے اضافہ کے ساتھ 800روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے،اسی طرح بھنڈی،گھیا توری،اروی،بینگن،پالک سمیت دیگر سبزیاں میں سرکاری نرخوں سے 20سے 50روپے اضافہ کے ساتھ فروخت ہو تی رہی ہے،
پھلوں میں فالسہ،سیب،کیلا،انگور،آڑو،تربوزسمیت دیگر پھل میں سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس فروخت ہوتے رہے ہیں،شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کا عملہ شدید گرمی کے باعث منظر عام سے غائب ہوچکا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں اور گرانفروشوں نے من مانے نرخوں پر پھل اور سبزیاں فروخت کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ چکے ہیں،انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے اور سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔