آج کی تاریخ

عمر ایوب: پیٹرولیم نرخوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو دینے کی بات جھوٹ ہے

راولپنڈی: تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے کہ بلوچستان کو اس کمی کا فائدہ پہنچایا جائے گا۔اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ شہباز شریف سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں، انہوں نے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی جو بات کی ہے، وہ بھی دیرپا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث پاکستان پر 14 ہزار 450 ارب کا اضافی قرضہ چڑھ چکا ہے، اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔عمر ایوب نے سوال کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو کیسے پہنچایا جائے گا؟ ان کے مطابق، یہ سب جھوٹ ہے اور حکومت عوام کو فراڈ کے ذریعے بیوقوف بنا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ وضاحت کرے کہ وہ بلوچستان میں کن فنڈز کا استعمال کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں اختر مینگل کا راستہ روکا گیا ہے، اور قومی اسمبلی کے کسی بھی ایم این اے سے کہا جائے کہ وہ بغیر سیکیورٹی کے بلوچستان کا دورہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا وزیر اعلی بھی بغیر سیکیورٹی کے کوئٹہ سے باہر نہیں جا سکتا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں