راولپنڈی: اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جیل میں اس وقت کوئی قیدی ہیپاٹائٹس میں مبتلا نہیں۔
اپنے وضاحتی بیان میں سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی ٹیسٹ باقاعدگی سے کیے جاتے ہیں۔ حالیہ میڈیکل معائنے کے مطابق جیل میں کسی بھی قیدی میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل انتظامیہ معمول کے مطابق قیدیوں کا طبی معائنہ کرواتی ہے، اور اگر کسی قیدی میں کسی وائرل بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوری طور پر دیگر قیدیوں سے علیحدہ کر دیا جاتا ہے۔
یہ بیان عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس کی وجہ سے 10 قیدیوں کی اموات ہو چکی ہیں، اور انہیں اندیشہ ہے کہ ان کے والد بھی اس مرض سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
