اسلام آباد: سینیئر لیگی رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا انحصار ان کی ذاتی سوچ اور رویے پر ہے، نہ کہ اُن کے اہل خانہ پر۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اگر عمران خان کے بچے ملک آ کر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو قانون کے دائرے میں رہ کر انہیں مکمل آزادی حاصل ہے، تاہم ان کے والد کی رہائی صرف قانونی طریقہ کار اور ان کے طرز عمل سے مشروط ہے، خاندانی دباؤ یا سیاسی اثر سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے بچوں کو سیاست میں لانے کے خواہش مند ہیں، اگر وہ قانون کے دائرے میں رہ کر سیاسی سرگرمیاں کریں گے تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ لیکن رہائی کا فیصلہ صرف عدالتوں اور قانونی عمل سے ممکن ہے، خاندانی یا ذاتی اثر رسوخ سے نہیں۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ وہاں حکومت کی تبدیلی کا کوئی امکان زیر غور نہیں، پیپلز پارٹی بطور اتحادی حکومت کا حصہ ہے اور مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور تدبر کو بھی سراہا۔
چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں اور درآمدات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے۔
