اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کسی نئی سیاسی جماعت کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، نئی پارٹی بنانے والوں کی حیثیت ریحام خان کی پارٹی جیسی ہی ہوگی۔ ان کے مطابق آنے والے وقت کی سیاست صرف بانی پی ٹی آئی کے گرد ہی گھومے گی۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت سینیٹ کی نشستوں کی تقسیم میں مصروف ہے، جب کہ اصل مسئلہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ موجودہ قیادت نہیں چاہتی کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں، کیونکہ ان کی رہائی سے موجودہ لیڈروں کی قیادت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت میں کوئی ایسی صلاحیت نہیں کہ وہ عوامی تحریک چلا سکے، تاہم اگر بانی کے صاحبزادے سیاست میں متحرک ہو جائیں تو سیاسی منظر نامہ بدل سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عالیہ حمزہ کا کسی تحریک میں کوئی اہم کردار نہیں اور پارٹی میں سیاسی حکمت عملی کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے عوام سڑکوں پر نظر نہیں آ رہے۔
