عمران خان کو کس ڈیل کی پیشکش ہوئی ؟ فیصل چوہدری نے بتادیا

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے بتایا ہے کہ انہیں ڈیل کی پیشکش کی گئی تھی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے توشہ خانہ کیس کو جھوٹے مقدمات کی ایک کڑی قرار دیا اور کہا کہ یہ کیس بھی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے جیسا ہوگا، جیسے پہلے چار مقدمات کے فیصلے ہوئے۔فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی سزا کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وقت آ چکا ہے اور اب کوئی طاقت اس تحریک کو نہیں روک سکتی۔

عمران خان کے حوالے سے فیصل چوہدری نے کہا کہ انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش دی گئی تھی، لیکن عمران خان کا موقف ہے کہ جب تک تمام گرفتار افراد کو بغیر ٹرائل رہا نہیں کیا جاتا، وہ جیل سے کہیں منتقل نہیں ہوں گے۔وکیل نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ مذاکراتی کمیٹی نے اسیران کی رہائی کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔فیصل چوہدری نے بتایا کہ ایک طبقہ ان مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ آج کے اجلاس کے بعد مزید پیش رفت ممکن ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں