آج کی تاریخ

عمران خان کو ایک اور سزا سنانے کی تیاری، علیمہ خان کا انکشاف

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف ایک اور مقدمے میں سزا سنانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت غیر معمولی عجلت میں کی جا رہی ہے اور اس کے پیچھے واضح مقصد عمران خان کو سزا دینا ہے۔
ان کے مطابق عمران خان خود بھی اس بات سے آگاہ ہیں کہ فیصلہ ان کے حق میں آنے کے بجائے ان کے خلاف ہی ہوگا اور انہیں ایک نئی سزا سنائی جائے گی۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں انصاف ملنے کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔
انہوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ مین اسٹریم میڈیا سے براہ راست گفتگو اس لیے نہیں کرتیں کیونکہ وہاں ایسے افراد بھیجے جاتے ہیں جو بدتمیزی اور اشتعال انگیزی کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں کارکن مشتعل ہوتے ہیں اور مزید گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں۔
علیمہ خان نے مزید الزام لگایا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان پر نئے مقدمات درج کر کے دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں سے میڈیا اڈیالہ جیل کے باہر کوریج کرتا رہا ہے اور کبھی مسئلہ نہیں ہوا، لیکن اب جان بوجھ کر صورتحال کشیدہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں