عمران خان کن حلقوں سے الیکشن لڑیں گے؟نام سامنے آگئے

عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں عروج پرہیں ۔تمام سیاسی پارٹیاں ووٹ لینے کیلئے عوام کی جانب رخ کر رہی ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے کئی رہنما ء یا تو پارٹی چھوڑ چکے ہیں یا روپوش ہیں ۔لیکن پی ٹی آئی نے بھرپور انداز میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد تمام جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولی بھی جاری ہے اور جن امیدواروں نے کل کاغذات وصول کیے تھے ۔انہوں نے آج پُر کرکے جمع کرانا شروع کردیےہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن لڑیں گے۔ رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن (ر)صفدر کا کہنا ہے کہ کل نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیں گے اور نواز شریف مانسہرہ سے ایم این اے بن کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، نواز شریف وزیراعظم بن کر خیبرپختونخوا کی 24 سالہ محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔انہوں نے اپنے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹوں سے پنجاب سے الیکشن لڑیں گی۔انہوں نے یہ بھی بتا دیا کہ امیر مقام خیبرپختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ ہو گا۔
قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 15 مسلم لیگ ن کا مضبوط حلقہ تصور کیا جاتا ہے، 2018 کے انتخابات میں اس حلقے سے کیپٹن صفدر کے بھائی کامیاب ہوئے تھے جبکہ 2013 سے اسی حلقے سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کامیابی حاصل کی تھی۔
ادھر زیر حراست تحریک انصاف کے رہنما حسان نیازی نے بھی عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔حسان نیازی کی والدہ نےکاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی و پنجاب حکومت اور کمانڈنگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے، حسان نیازی نااہل ہیں اور نہ ہی سزا یافتہ ہیں، وہ اس وقت حراست میں ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت حسان نیازی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پراسیس مکمل کرنےکی اجازت دے، عدالت اوتھ کمشنرکو حسان نیازی سے ملاقات کرکےکاغذات نامزدگی کی تصدیق او ردستخط کی اجازت دے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں، ہمارا کوئی مطالبہ ایسا نہیں کہ الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ہم بار بار کہہ رہے ہیں لیکن ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، اگر 25 کروڑ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے تو چیف جسٹس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے جس میں میانوانی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف امپائرکے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں، اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا، ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، اڈیالہ جیل میں شاہ محمود کے سیکرٹری سے ان کےکاغذات نامزدگی چھینےگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے، مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائیں گے اور ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں جب کہ ٹکٹوں سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں