اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنا طبی معائنہ کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق یہ درخواست وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ذریعے جمع کرائی گئی، جس میں عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شوکت خانم کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کو ہر ماہ طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے، اور میڈیکل رپورٹس کی کاپیاں عدالت اور عمران خان کے اہل خانہ کے ساتھ شیئر کی جائیں۔ مزید یہ کہ فوری طور پر تین دن کے اندر معائنہ کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں محکمہ داخلہ پنجاب، صوبائی حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، جیل اسپتال اور شوکت خانم اسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق عمران خان کی عمر 72 سال ہے، جیل میں قید کے دوران ان کا وزن کم ہوا ہے اور انہیں مختلف بیماریوں کا خدشہ لاحق ہے۔ شوکت خانم اسپتال کے پاس ان کی مکمل طبی ہسٹری موجود ہے، اس لیے اسپتال کے ڈاکٹروں کو رسائی دی جائے۔
مزید استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو معائنے اور ٹیسٹ کے لیے اجازت دی جائے۔
