آج کی تاریخ

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی کی سی پی او کو درخواست

اسلام آباد: تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے پر سی پی او راولپنڈی کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے۔ درخواست میں جیل حکام اور پولیس افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میڈیا نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل تابش فاروق کی جانب سے بھیجی گئی درخواست میں سپرنٹنڈنٹ جیل غفور انجم، اے ایس پی زینب اور دیگر پولیس افسران کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں نہ تو طبی سہولیات دی جا رہی ہیں اور نہ ہی ان کی بہنوں یا ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، جو کہ عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقاریر میں بانی پی ٹی آئی کو “فتنہ” قرار دینے سے جیل حکام کا رویہ مزید سخت ہو گیا ہے۔ پولیس اہلکار علیمہ خان، نورین خانم اور ڈاکٹر عظمیٰ کو ملاقات سے روکتے ہیں اور انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ بانی کی بہنوں کو بعض اوقات اغوا کر کے سنسان مقامات پر چھوڑ دیا جاتا ہے، اور اس پر فوری قانونی کارروائی اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں