آج کی تاریخ

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا معطلی کی اپیلوں پر جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
درخواستیں معروف وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی گئیں جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 17 جنوری کو دی گئی سزا کے خلاف 27 جنوری کو اپیلیں داخل کی گئی تھیں، جبکہ سزا معطلی کی درخواستوں پر پہلی سماعت 15 مئی کو ہوئی تھی۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نیب مسلسل غیرضروری التوا مانگ کر کارروائی کو طول دے رہا ہے، جس سے انصاف کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ اس سے قبل بھی عدالت سے اپیل کی گئی تھی کہ کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، تاہم یقین دہانی کے باوجود تاحال سماعت مقرر نہیں کی گئی۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم جاری کرے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں