آج کی تاریخ

علیمہ خان کا بیان: عمران خان قوم کے مفاد کے لیے مذاکرات پر تیار، ذاتی مفاد میں ہرگز نہیں

راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف قوم کے مفاد میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن ذاتی مفاد کے لیے کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کے بھائی اور بھانجے کو ناجائز طور پر قید میں رکھا گیا ہے، اور ان کا اصل مقصد بے گناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔ انہوں نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت ختم کیے جانے کے بعد مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے اور اب عوام کو خود میدان میں آنا ہوگا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے سخت پیغام بھیجا ہے کہ ذاتی لڑائیاں ختم کرکے تحریک پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شخصیت کو دبانے کے لیے بشریٰ بی بی کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وہ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔
علیمہ خان نے جیل حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل جھوٹ بولتا ہے اور انسانیت سے عاری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز نے ہی موجودہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو عمران خان پر دباؤ ڈالنے کے لیے تعینات کروایا ہے۔
عدالت نے آر پی او راولپنڈی کو حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کے تمام کیسز کا ریکارڈ پیش کیا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں