علیمہ خان نے عمران خان کی ورزش کی وائرل تصویر کو اصلی قرار دے دیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی عمران خان کی تصویر کو اصل قرار دے دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جو جج انصاف اور آئین کے مطابق کام نہیں کر سکتا، اسے اپنی جگہ خالی کر دینی چاہیے، اور جو بانی کی رہائی چاہتے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ علیمہ خان گروپ اور بشری بی بی گروپ کے حوالے سے جو بھی پروپیگنڈا ایجنسیوں نے پھیلایا، اسے سنجیدہ لینے والوں پر حیرت ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اور سوشل میڈیا پر آنے والی تصویر پرانی مگر اصلی لگتی ہے۔
صحافی کے سوال پر جس میں ان پر ایجنسیوں کے ساتھ روابط کے الزامات تھے، علیمہ خان نے کہا کہ “کس ایجنسی کا؟ یہ ہماری اپنی ایجنسیاں ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سب کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہیں اور اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ جو لوگ گواہی دینے پر مجبور کیے گئے، وہ سزا پائیں گے، اصل ذمہ دار وہ ہیں جو لوگوں کو جھوٹی گواہی دینے پر مجبور کرتے ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے تحریک انصاف، انصاف، آئین، قانون اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، اور گزشتہ ڈھائی سال سے جیل میں قید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی دو چیزیں کبھی نہیں چھوڑتے: اللہ اور ورزش، اور وہ قید میں بھی ورزش جاری رکھتے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات ان کا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق ہے، اور کسی کو پانچ روز سے زیادہ اکیلا رکھنا بین الاقوامی قوانین کے مطابق تشدد کے مترادف ہے۔ وہ منگل کو دوبارہ ملاقات کے لیے جائیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی آئین کی بالادستی، 26ویں اور 27ویں ترامیم اور شفاف انتخابات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اور عدالتوں میں اخلاقیات کا جنازہ نکل رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں