آج کی تاریخ

علیمہ خان: عمران خان کے خلاف کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں شواہد ہوں

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں ٹھوس شواہد موجود ہوں، اور جب یہ مقدمات ہائی کورٹ میں جائیں گے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج ہم توشہ خانہ کیس کے سلسلے میں اڈیالہ جیل جا رہے ہیں، جبکہ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں جج ڈوگر صاحب کے سامنے القادر کیس کی سماعت کے لیے پیش ہوں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ چھ ماہ گزر گئے ہیں مگر جج صاحب القادر کیس سننے کو تیار نہیں، انہیں معلوم ہے کہ جیسے ہی کیس سنے گا، انہیں ضمانت دینا پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں جج کے حکم پر ہماری ملاقات ہوگی، انتظامیہ مجبور ہے کہ ملاقات کروائے۔ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت جلدی میں کی جا رہی ہے تاکہ عمران خان اور بشری بی بی کو سزا دی جا سکے۔ کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں شواہد ہوں، جب یہ مقدمات ہائی کورٹ میں جائیں گے، سب واضح ہو جائے گا۔
قبل ازیں اے ٹی سی کورٹ راولپنڈی میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، جس کی نگرانی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل دینے اور پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت اٹھارہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔ علیمہ خان 26 نومبر ڈی چوک احتجاج اور تھانہ صادق آباد کے مقدمے میں نامزد ہیں۔
نعیم حیدر پنجوتھہ کی عبوری ضمانت میں بھی اٹھارہ ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے اے ٹی سی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم عدالت میں پوری تیاری کے ساتھ گئے تھے، مگر سماعت اٹھارہ ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات بے بنیاد اور جعلی ہیں اور ہماری تیاری مکمل تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں