آج کی تاریخ

ہفتہ، 21 جون، 2025

عظمیٰ بخاری کا مرتضیٰ وہاب کو کرارا جواب: کراچی بھی صاف نہیں کر سکتے، پنجاب پر تنقید کیوں؟

لاہور میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم عید کے دنوں میں غائب رہی، جبکہ کراچی کی صفائی بھی آپ کے بس کی بات نہیں رہی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب عید کے دن بھی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے فضول قسم کی تنقید میں مصروف رہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ سندھ کی بدبو دار فضا اور گندگی پر عوام آپ کو کوس رہے ہیں، جبکہ پنجاب کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز کو دعائیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا گراؤنڈ میں جانا ضروری نہیں، کیونکہ پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز، انتظامیہ اور وزرا فیلڈ میں موجود ہیں جو آلائشیں اٹھا کر صفائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ پنجاب کی خوبصورتی قائم رکھی جائے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ سندھ حکومت گزشتہ 16 سال سے صرف الزامات اور بہانوں کے سہارے چل رہی ہے، اور ان کے پاس نہ کچھ دکھانے کو ہے نہ بتانے کو۔ میڈیا پر تنقید کا فائدہ نہیں کیونکہ جو دکھ رہا ہے وہی میڈیا دکھا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر آپ کراچی کو صاف نہیں کر سکتے تو پنجاب کی صفائی پر تنقید نہ کریں۔ حسد اور ناکامی کا غصہ ہم پر نہ نکالیں، کیونکہ “محنت کر، حسد نہ کر” ایک سچائی ہے جسے مان لینا چاہیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں