آج کی تاریخ

عرفات منہاس کے چھکوں چوکوں کی برسات ،کریسنٹ کلب قوم سپر لیگ ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ سیزن 2 کا فاتح

صحت مند معاشرہ کے قیام کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کا تسلسل سے انعقاد’’قوم‘‘ کی فلاح وبہبود پالیسی کا حصہ: چیف ایڈیٹرمیاں غفار احمد، منیجنگ ایڈیٹرنعیم احمد شیخ

چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد، منیجنگ ایڈیٹر نعیم احمد شیخ ،مہمان خصوصی ملک یاسر، علی رضا، آصف نیازی، ارسلان خان، میاں جاوید قریشی ، ابوزر محمود، امجد رزاق بھٹہ، قلب حسن، رفیق قریشی، یونس ڈویژن، شہزاد احمد خان،عمران چوہدری، محمد غلام مصطفیٰ سٹیج پر موجود ہیں۔

ملتان (شاہد صدیق/ایڈیٹر سپورٹس، عکاسی :منصور عباس)قوم میڈیا گروپ کے زیر اہتمام، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، سائن وے گروپ آف کمپنیز ،ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملتان، سلمان فوڈ، پھول واشنگ پاؤڈر و پھول سوپ، سویٹ بی بی اینڈ پٹیٹو، لودھراں پائلٹ پروجیکٹ، ایس این انرجی سروسز، حبیب رفیق پرائیویٹ لمیٹڈ اور رائل سوئس کے باہمی اشتراک سے قوم سپر لیگ ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ سیزن ٹو کا ٹائٹل بین الاقوامی کرکٹرز کے کلب کریسنٹ نے اپنے نام کر لیا ,,انٹرنیشنل کرکٹر عرفات منہاس مین آف دی میچ اور سکندر خان پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائےفائنل میچ میں زواری اکیڈمی نے جاندار مزاحمت سے فائنلسٹ ٹیم ہونے کا حق ادا کردیا اور انٹرنیشنل کرکٹرز کی ٹیم کریسنٹ کو جوابی بیٹنگ میں زواری اکیڈمی کا 145رنز کے وننگ ٹارگٹ تک پہنچتے پہنچتے دانتوں پسینہ آ گیا۔بین الاقومی آل راؤنڈر عرفات منہاس کو 3 فلک شگاف چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے اور ایک آؤٹ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد، منیجنگ ایڈیٹر نعیم احمد شیخ ،ملک یاسر، علی رضا، آصف نیازی، ارسلان خان، میاں جاوید قریشی، سہیل خان ونر ٹیم کے کپتان صہیب مقصود اور رنر اپ ٹیم کے کپتان محمد علی کو ٹرافی اور کیش پرائز دے رہےہیں۔

پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ کے حقدار زواری اکیڈمی کے آل راؤنڈر سکندر کھچی قرار دیئے گئے ۔قبل ازیں نواں شہر کرکٹ سٹیڈیم پر ٹاس کا جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کریسنٹ کے باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا اور زواری اکیڈمی مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 145 رنز کا ہدف دے پائی۔سکندر خان نے شاندار نصف سنچری (69رنز ) سکور کی۔ علی حیدر نے 17 اور کپتان محمد اختر زواری نے 13 رنز بنائے۔کریسنث کی باؤلنگ میں عبدالحسیب ناظم نے 3. شعیب نے 2. بلال خان۔ شاہد خان اور عرفات منہاس نے ایک ایک آؤٹ کیا۔کریسنٹ کی بیٹنگ لائن محتاط اور جارحانہ دونوں موڈ میں پرفارم کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف تک تو پہنچ گئی لیکن زواری اکیڈمی کی باؤلنگ دیمک کی طرح کریسنٹ کی اننگز سے چپکی رہی اور 7وکٹیں کھا گئی۔عرفات منہاس کے 38 رنز کے علاوہ شعیب نے 30. انٹرنیشنل کرکٹر صہیب مقصود نے 23 اور سمیر منہاس نے 13 رنز بنائے۔

انٹرنیشنل کرکٹر صہیب مقصود اور عرفات منہاس چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد، منیجنگ ایڈیٹر نعیم احمد شیخ ،مہمان خصوصی ملک یاسر، علی رضا، آصف نیازی کو سووینئر دے رہےہیں۔

علاوہ ازیں چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد اورمنیجنگ ایڈیٹر نعیم احمد شیخ نے کہا ہے کہ روزنامہ قوم نے شعبہ صحافت میں اپنا وہ منفرد اور معتبر مقام چند برسوں میں بنالیا ہے کہ جو مقام بنانے کیلئے دہائیاں گزر جاتی ہیں۔ روزنامہ قوم کے زیر اہتمام قوم سپر لیگ سیزن 2 کے کامیاب انعقاد کے بعد تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ روز نامہ قوم نے اپنی پہلی اشاعت سے معاشرے کی فلاح وبہبود کیلئے جو مقاصد اور اہداف طے کیے تھے اس کے حصول کیلئے پہلے دن سے کوشاں ہے۔ صحتمند معاشرہ کے قیام کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کا تسلسل سے انعقاد اس سلسلے کی ایک کڑی ہے انہوں نے مزید کہا کہ قوم سپر لیگ سیزن 2 میں ابھرتے ہوئے باصلاحیت کرکٹرز کے ساتھ ساتھ نامور قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز کی شرکت روزنامہ قوم کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی پالیسی کیلئے خراج تحسین بھی ہے انہوں نے کہا کہ روز نامہ قوم کھیلوں کے علاوہ تہذیب وثقافت کی سرگرمیوں کے بھی مربوط پروگراموں کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے روزنامہ قوم کی صحافتی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ تمام شعبہ ہائے زندگی کی خبر دے رہا ہے اور ان کی اصلاح کیلئے چوکنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید صحافتی اسلوب کا علمبردار روزنامہ قوم اصلاحی مشن جاری رکھے گا۔

قوم سپر لیگ سیزن2 کی چیمپئن کریسنٹ کلب کے کھلاڑیوں کے مہمانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو۔
رنر اپ زواری کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کے مہمانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو

شیئر کریں

:مزید خبریں