آج کی تاریخ

عرب پتی بنانے کا جھانسہ، لبٹ، بچھو کے نام پر فراڈئیے شہریوں کی جمع پونجی کے دشمن

بہاولپور (سپیشل رپورٹر) ملک بھر میں ایک اور لرزہ خیز انکشاف ریڈ مرکری کے بعد اب “لبٹ” اور بچھو کے نام پر خطرناک فراڈ نیٹ ورک سرگرم ہو گیا، مافیا شہریوں کو ارب پتی بنانے کے خواب دکھا کر ان کی جمع پونجی لوٹنے میں مصروف ہے، ذرائع کے مطابق یہ گروہ عوام کو جھانسہ دیتا ہے کہ “لبٹ” (ایک عام چھپکلی) اور بچھو بیرونِ ملک کروڑوں روپے میں فروخت ہوتے ہیں اور ان کے جسمانی اجزاء سے قیمتی دوائیاں اور ایٹمی ٹیکنالوجی کا سامان تیار ہوتا ہے، درحقیقت یہ سب من گھڑت اور جھوٹ ہے، لیکن لاعلم شہری ان کی باتوں میں آ کر اپنی زندگی بھر کی کمائی گنوا بیٹھتے ہیں ماہرین نے واضح کیا ہے کہ “لبٹ” محض ایک عام جانور ہے جسے دنیا بھر میں پالتو کے طور پر رکھا جاتا ہے جبکہ بچھو کسی بھی قسم کی عالمی مارکیٹ میں کوئی حیثیت نہیں رکھتے یہ تمام کہانیاں صرف عوام کو دھوکہ دینے کے لیے گھڑی گئی ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بہاولپور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یہ جعل ساز کھلے عام سرگرم ہیں ان کی سرپرستی کرنے والے بااثر افراد بھی پس پردہ موجود ہیں، جس کی وجہ سے انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ “لبٹ”، ریڈ مرکری یا بچھو کے نام پر کسی بھی سودے بازی میں ہرگز نہ پڑیں اگر کوئی شخص آپ کو کروڑوں روپے کمانے کی لالچ دے تو فوراً پولیس اور ایف آئی اے کو اطلاع دیں، تاکہ اس سفید پوش مافیا کا قلع قمع کیا جا سکے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس خطرناک نیٹ ورک کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے اور عوام کو ان بھیانک فراڈیوں سے محفوظ بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں