آج کی تاریخ

عدالتی یقین دہانی کے باوجود اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر روانگی سے روکا گیا

پشاور: پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک روانگی سے روک دیا گیا، حالانکہ گزشتہ روز عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کا نام کسی بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل نہیں۔
ذرائع کے مطابق، پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں بتایا گیا کہ سینیٹر اعظم سواتی کا نام پی این آئی سی کی فہرست میں شامل کیا گیا، جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو عدالتی حکم کے باوجود سفر سے روکا گیا، جس پر پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) سے خارج کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سواتی کا نام اب کسی بھی فہرست میں شامل نہیں اور انہیں سفر کی اجازت ہے، جس پر ایف آئی اے کے نمائندے نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں