ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اب دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہو گیا ہے اور اس کا درجہ 96 ویں سے گر کر 103 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہری اب صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جو گزشتہ سال 32 تھے۔ پاکستان کے بعد صرف عراق (104)، شام (105) اور افغانستان (106) درجے پر ہیں، جب کہ یمن کے ساتھ پاکستان کا درجہ برابر ہے۔
بھارت کا پاسپورٹ بھی تنزلی کا شکار ہوا ہے اور اب وہ 85 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔
عالمی سطح پر سنگاپور بدستور سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں۔ جنوبی کوریا (190) اور جاپان (189) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یورپی ممالک جرمنی، اٹلی، اسپین، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں، جن کے شہری 188 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی پاسپورٹ اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور اب 12 ویں نمبر پر موجود ہے، جو ملائیشیا کے برابر ہے۔ امریکی شہری 180 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہو سکتے ہیں، جب کہ امریکا صرف 46 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری رسائی دیتا ہے۔
دوسری جانب چین نے گزشتہ ایک دہائی میں شاندار ترقی کی ہے۔ 2015 میں 94 ویں نمبر سے بڑھ کر اب وہ 64 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ صرف ایک سال میں چین نے 30 نئے ممالک کے ساتھ ویزا فری معاہدے کیے ہیں، جس سے ایشیا پیسیفک خطے کو سفر کی آزادی میں نمایاں برتری حاصل ہوئی ہے۔







