اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد بلوچستان میں تعلیم اور پانی کے تحفظ کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔
عالمی بینک کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ رقم بلوچستان کے دو اہم منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جن کا محور بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور پانی کے تحفظ کے نظام کو مستحکم بنانا ہے۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہیسن کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد بلوچستان میں تعلیمی محرومی کا خاتمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر سیکیورٹی پراجیکٹ سے صوبے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
عالمی بینک کے عہدیداروں کے مطابق ان اقدامات سے بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے راہ ہموار ہوگی، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی تھی، جس کا مقصد خواتین کو مالیاتی سہولتوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا تھا۔
