اسلام آباد: عافیہ صدیقی کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء کو توہینِ عدالت کا نوٹس بھیجنے کا معاملہ فی الوقت مؤخر کر دیا گیا ہے۔
میڈیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے واضح کیا ہے کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے دفتر سے 16 جولائی کو نوٹ موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ 21 جولائی کو کیس کی سماعت کریں گے۔
تاہم رجسٹرار آفس کے ذرائع کے مطابق، مذکورہ نوٹ سے قبل ہفتہ وار روسٹر جاری ہو چکا تھا، جس میں ترمیم کے بعد ہی نئی کاز لسٹ جاری کی جا سکتی ہے۔ رجسٹرار آفس نے 16 جولائی کے بعد مجاز اتھارٹی کو اس حوالے سے باضابطہ نوٹ ارسال کیا، تاہم ابھی تک اس کا جواب موصول نہیں ہوا۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ جب تک کیس مقرر نہ ہو اور باقاعدہ عدالتی حکم جاری نہ ہو، نوٹس جاری کرنا ممکن نہیں۔ اس وقت معاملہ مجاز اتھارٹی کی رائے کا منتظر ہے۔
یاد رہے کہ عافیہ صدیقی کیس میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراء کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، جس پر تاحال عمل درآمد مؤخر ہو چکا ہے۔
