ملتان ( نامہ نگار خصوصی )ملتان میں سورج سوا نیزے پر آگیا۔ملتان میں سال کے طویل ترین دن پرشدیدترین گرمی 43ڈگری پڑی جو55ڈگری کے برابرمحسوس کی گئی۔شدید گرمی میں چہرے جھلس گئے۔ بزرگ شہری گرمی سے بے حال متعدد مزدوروں کی حالت غیر ہو گئی دوپہر کے وقت سڑکیں سنسان شہری گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے جسم جھلسا دینے والی گرمی میں میپکو کی جانب سے بجلی کی طویل بندش شہر کے درجنوں فیڈرز مسلسل پانچ گھنٹے تک بند رہنے سے شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔گزشتہ روز دہلی گیٹ چونگی نمبر 14 محلہ آغا پورہ شاہ رکن عالم کالونی روڈ سمیجہ آباد چوک کمہاراں سمیت درجنوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھےپانچ بجے سے دن ساڑھےگیارہ بجے تک بند رہی۔ بجلی کی طویل بندش سے گھروں میں بچے شدید گرمی سے بلکتے رہے۔ دوسری جانب بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے معلوم کرنے کے لیے میپکو کے متعلقہ دفاتر میں فون کرنے والے صارفین کو مسلسل فون مصروف رہنے کی ٹون سننے کو ملتی رہی ۔کمپلینٹ سینٹر میں ڈیوٹی پر موجود ٹیلی فون اٹینڈنٹ نے فون کال ریسیور اتار کر سائیڈ پر رکھ دیا تاکہ بار بار شہریوں کی کالز نہ سننی نہ پڑے۔ فون اٹینڈ نہ ہونے پر صارفین کو ذہنی کوفت اٹھانی پڑی ۔میپکو گلگشت سب ڈویژن کے متعدد فیڈرز پر فنی خرابی کی وجہ سے صارفین کو شدید گرمی میں بجلی کی بندش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ٹرپنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔شہریوں نے شدید جان لیوا گرمی میں بجلی کی مسلسل پانچ پانچ گھنٹے بندش پر شدید احتجاج کیا۔ انہوں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری وزیر مملکت برائے توانائی عبدالرحمان خان کانجو اور میپکو اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ شدید ترین گرم موسم میں ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے نام پر بجلی کی گھنٹوں بندش شہریوں پر ظلم ہے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے لائنوں کی ضروری مرمت دیکھ بھال کا کام گرمیوں کی بجائے موسم سرما میں کیا جائے ۔
