آج کی تاریخ

طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی، ایک جاں بحق، 8 زخمی

احمد پور شرقیہ: احمد پور ایسٹ ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں طالبات سے بھری ہائی ایس وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ وین میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، اس وقت وین میں 18 طالبات سوار تھیں جو امتحان دے کر واپس آ رہی تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، اور امدادی کارروائیوں میں زخمی طالبات کو بروقت نکالا گیا۔ موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے حادثے کے مقام کو محفوظ بنانے کے بعد ٹریفک بحال کر دی۔ ترجمان کے مطابق، وین کا ڈرائیور واقعے کے بعد فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں