تازہ ترین

ضلع کونسل اور ایم ڈی اے کی مشترکہ کرپشن، جعلی نقشے جاری

ملتان(سٹی رپورٹر)ضلع کونسل میں ہاؤسنگ کالونیوں کے بعد کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف‘ایم ڈی اے کے کنٹرولڈ روڈز پر کمرشل عمارتوں کے جعلی نقشہ جات بنا کر کروڑوں روپے کی لوٹ مار کی جارہی ہے ‘مذکورہ کرپشن میں ایم ڈی اے اور ضلع کونسل کا عملہ مشترکہ کاریگری دکھاتا ہے تفصیل کے مطابق کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی چیکنگ کا عمل تیز ہونے پر ایم ڈی اے حکام نے بھی ضلع کونسل کا سہارا لے لیا ہے‘ قوم کو باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایم ڈی اے کے کنٹرولڈ روڈز پر کمرشل عمارتوں کی تعمیر کو مکمل تحفظ دینے کے لئے متعلقہ روڈ کا انسپکٹر ضلع کونسل کے انسپکٹر سے کاروائی ڈلواتا ہے اس مقصد کے لئے کمرشل عمارت کے مالک کو ایم ڈی اے کے قوانین کے مطابق اس کی کمرشلائزیشن اور نقشہ فیس سے آگاہ کیا جاتا ہے بھاری بھر کم فیسوں کی وجہ سے بلڈنگ مالک جب کوئی درمیانی راستہ نکالنے کا کہتا ہے تو اسے ضلع کونسل سے نقشہ منظور کروانے کا کہہ کر معمولی فیس وصول کرکے جعلی نقشہ بنا کر تھمادیا جاتا ہے ‘ جس عمارت کی کمرشلائزیشن اور نقشہ فیس50لاکھ روپے بنتی ہے اس سے صرف5لاکھ روپے لیکر جعلی نقشہ بنادیا جاتا ہے اور جب ایم ڈی اے کا افسر مذکورہ بلڈنگ کا وزٹ کرتا ہے تو وہی جعلی نقشہ اس کے سامنے رکھ دیا جاتا ہے جسے ایم ڈی اے درست مان کر خاموش ہوجاتا ہے۔ گزشتہ6ماہ کے دوران ایم ڈی اے کے کنٹرولڈ روڈز پر درجنوں کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات ضلع کونسل سے بنوا کر رکھے گئے ہیں مگر حقیقت میں بیشتر عمارتوں کے نقشہ جات کا کوئی ریکارڈ ہے اور نہ ہی ان کی فیسیں ادا کی گئی ہیں جس کی وجہ سے سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے‘ عوامی و سماجی حلقوں نے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ‘کمشنر ملتان‘ ڈپٹی کمشنر ملتان‘چیف آفیسر ضلع کونسل اور ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے سے ضلع کونسل کے نقشہ جات کی مکمل چھان بین کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں