ملتان( سٹی رپورٹر ) صوبائی وزیر ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے گزشتہ روز اپنے دورہ ملتان کے دوران اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلال یاسین نے سورج کنڈ روڈ پر قرضہ حاصل کرکے گھر تعمیر کرنے والے ایک شہری کے ہمراہ اسکے گھر کا سنگ بنیاد رکھا اور خصوصی دعا بھی کرائی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ،ڈی جی ایم ڈی اے سلیم احمد خان ،ایم پی اے سلمان نعیم اور حاجی جاوید اختر انصاری بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے زبانی دعووں کے بجائے آج گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عام آدمی کو چھت فراہمی کا خواب دیکھا تھا جس کو آج عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت ساڑھے 7 لاکھ کی پہلی قسط فراہم کردی گئی ہے جبکہ صوبے بھر میں اب تک 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں جن کو قرعہ اندازی میں شامل کیاگیا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے امسال ایک لاکھ افراد کو گھر کے لئے قرض دینے کا ٹاسک دیا ہے جبکہ بلا سود قرضوں کی فراہمی سے عام شہریوں کو براہ راست ریلیف حاصل ہوگا ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ میرٹ اور قراندازی پر ہی مکان بنانے کے لئے قرض دینا حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ پہلے مرحلے میں ضلع ملتان میں پہلی قرعہ اندازی میں کامیاب 270 افراد کو بلاسود قرضے فراہم ہونگے۔اس موقع پر ایم پی اے سلمان نعیم نے قرضہ جات حاصل کرنے والوں سے ملاقات بھی کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلال یاسین نے زیر تعمیر گھروں کا معائنہ اور حکومت پنجاب کی جانب سے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔






