اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے کے بعد چند اہم قانون سازی کی منظوری دے دی ہے۔ صدرِ مملکت کی جانب سے قانونِ شہادت (ترمیمی) بل، 2025 کی منظوری دی گئی ہے، جس سے عدالتی اور قانونی امور میں اصلاحات متوقع ہیں۔
اسی طرح کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل، 2025 کو بھی صدر نے توثیق دے دی، جس سے نرسنگ اور طبی تعلیم کے شعبے میں ترقی کے امکانات پیدا ہوں گے۔
مزید برآں، نیشنل کمیشن فار مائنورٹیز رائٹس بل، 2025 کی منظوری بھی صدر زرداری نے دی، جس کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
دوسری جانب، دانش اسکولز اتھارٹی بل، 2025 صوبائی مشاورت کی ضرورت کے پیش نظر صدر نے وزیر اعظم کو نظرِ ثانی کے لیے واپس بھجوا دیا۔ اس میں کہا گیا کہ صوبوں میں دانش اسکولز کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی حکومتوں سے پیشگی مشاورت لازمی ہے۔







