اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستانی عوام اپنے قابلِ اعتماد دوست چین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔
چینی سفیر نے صدرِ مملکت کو صدر شی جن پنگ کی جانب سے ان کی سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات اور مبارکباد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
