ماہرینِ صحت اور غذائیت کے مطابق دن کا آغاز فائبر سے بھرپور غذا سے کرنا انسانی جسم کے لیے بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ جو لوگ صبح کے وقت ہائی فائبر ناشتہ کرتے ہیں، وہ نہ صرف دن بھر زیادہ توانائی محسوس کرتے ہیں بلکہ متعدد بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ فائبر ایسی غذائی خصوصیت رکھتا ہے جو آنتوں کو حرکت میں مدد دیتا ہے اور نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔ صبح کے وقت فائبر کا استعمال کرنے سے قبض سے بچاؤ ہوتا ہے، پیٹ ہلکا رہتا ہے اور دن بھر ہاضمہ متوازن رہتا ہے۔
فائبر کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ دیر سے ہضم ہوتا ہے۔ جب ناشتے میں فائبر والی غذا شامل کی جائے تو زیادہ دیر تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے، جس کے باعث بھوک پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے اور غیر ضروری کھانے کی عادت بھی کم ہو جاتی ہے۔ یہ خصوصیت نہ صرف وزن پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے بلکہ موٹاپے کے خطرات کو بھی کم کر دیتی ہے۔ ماہرین کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا کھانے والے افراد وزن گھٹانے یا وزن کو برقرار رکھنے میں دوسروں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ثابت ہوتے ہیں۔
فائبر کاربوہائیڈریٹس کے خون میں جذب ہونے کے عمل کو بھی آہستہ کر دیتا ہے۔ اس وجہ سے شوگر لیول میں اچانک اضافہ یا کمی نہیں آتی اور دن بھر توانائی متوازن انداز میں فراہم ہوتی رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فائبر کو شوگر کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید قرار دیا جاتا ہے کیونکہ یہ خون میں گلوکوز کی سطح کو قابو میں رکھتا ہے اور انسولین پر دباؤ کم کرتا ہے۔
دل کی صحت کے حوالے سے بھی فائبر نہایت فائدہ مند ہے۔ خاص طور پر soluble fiber خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے جس سے دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور شریانوں میں بلاکیج کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ متعدد تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ اپنی خوراک میں فائبر کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں، ان میں دل کے امراض کی شرح نمایاں حد تک کم پائی گئی ہے۔
ماہرینِ غذائیت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صبح کے ناشتے میں اناج، دلیہ، پھل، سبزیاں، چیا سیڈز اور دالیں شامل کی جائیں تاکہ جسم کو مطلوبہ فائبر حاصل ہو سکے۔ صرف ایک سیب یا ایک کٹوری اوٹس کا دلیہ بھی روزانہ فائبر کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے مطابق ایک صحت مند انسان کے لیے روزانہ کم از کم 25 سے 30 گرام فائبر کا استعمال ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے عام طور پر لوگ اس مقدار سے بہت کم فائبر اپنی خوراک میں شامل کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ہاضمے کے مسائل، موٹاپا، شوگر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق فائبر نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ چونکہ فائبر توانائی کو متوازن انداز میں فراہم کرتا ہے، اس لیے یہ تھکن اور بے چینی کو کم کرتا ہے اور دن بھر ذہنی طور پر توجہ اور ارتکاز برقرار رکھنے میں مددگار بنتا ہے۔ جدید ریسرچ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فائبر دماغی صحت پر مثبت اثرات ڈالتا ہے اور یادداشت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
لہٰذا اگر دن کا آغاز صحت مند اور پراثر طریقے سے کرنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں فائبر کو لازمی حصہ بنائیں۔ یہ نہ صرف فوری توانائی فراہم کرے گا بلکہ طویل المدتی طور پر جسم کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔