شہریوں کیلئے معیاری اشیا کی فراہمی، سہولت بازار اور آن دی گو منصوبے

ملتان(وقائع نگار)ملتان ڈویژن میں سہولت بازاروں کے قیام کے لیے موزوں سرکاری زمین کی نشاندہی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین محمد افضل کھوکھر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں سہولت بازاروں کے قیام سے متعلق تحصیل وار صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سہولت بازاروں کے لیے فوری طور پر موزوں اور قابلِ عمل زمین کی نشاندہی کی جائے۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب سہولت بازار اتھارٹی محمد افضل کھوکھر نے واضح کیا کہ سہولت بازاروں کے لیے صرف وہی زمین قابلِ قبول ہوگی جو ملکیت اور قبضہ دونوں لحاظ سے مکمل طور پر سرکاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ نجی، متنازع یا غیر واضح ملکیتی زمین سہولت بازار منصوبے کے لیے ناقابلِ قبول ہوگی۔محمد افضل کھوکھر نے بتایا کہ سہولت بازار منصوبہ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت جاری ہے اور یہ منصوبہ پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے تسلسل کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام کام کریں گے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے ضروریہ فراہم کی جا سکیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سہولت بازاروں میں اسٹال ہولڈرز کے لیے 12 ضرب 8 فٹ کے معیاری آؤٹ لیٹس فراہم کیے جائیں گے، جہاں اسٹال کرایہ 4 ہزار سے 5 ہزار روپے مقرر ہوگا۔ اسٹال ہولڈرز کو مفت بجلی، صفائی اور سیکیورٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ کسی قسم کا ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ سہولت بازار منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو سستی، معیاری اور محفوظ اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہولت بازاروں میں پھل، سبزیاں اور کریانہ اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی اور یہ منصوبہ مہنگائی میں کمی کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔اجلاس میں ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے سہولت آن دی گو آپشن کو بھی باقاعدہ ایکسپلور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ جہاں زمین کی دستیابی ممکن نہ ہو، وہاں سہولت آن دی گو کو متبادل حل کے طور پر اپنایا جائے گا۔ کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ سہولت آن دی گو سے متعلق 48 سے 72 گھنٹوں میں مفصل رپورٹ پیش کی جائے اور اس آپشن کو سہولت بازار اتھارٹی کے نمائندگان کے ساتھ شیئر کیا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بس اڈوں اور زیادہ رش والے علاقوں میں سہولت آن دی گو عوام کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوگا، جہاں شہری بائیک یا گاڑی سے اترے بغیر خریداری کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سہولت آن دی گو کے ذریعے عوامی سہولت کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔اجلاس میں رمضان بازاروں کے انتظامات، موجودہ سہولت بازاروں کی کارکردگی اور نئے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آخر میں ملتان ڈویژن میں سہولت بازار اور سہولت آن دی گو منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں