شہریت سکینڈل میں ملوث خواجہ رفیق کا کارنامہ، زندہ خاتون کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ، جائیداد منتقل

ملتان(عوامی رپورٹر ) اچھے خاصے صحت مند افراد کو بلدیہ کے ریکارڈ میں فوت شدہ ظاہر کر کے اس کی کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیانے اور فروخت کرنے کے ایک اور کیس کا انکشاف ہوا ہے جس میں سیکرٹری یونین کونسل نمبر 39 ملتان جو کہ گراس منڈی اور گلنار کالونی کے علاقوں پر مشتمل ہے میں تعینات خواجہ رفیق نامی 11 گریڈ کے بلدیاتی اہلکار نے محض ایک لاکھ روپے کے عوض اڑھائی کروڑ روپے کی پراپرٹی سے ایک خاتون کو محروم کردیا ، بتایا گیا ہے کہ گلنار کالونی کی رہائشی کرسچن خاتون گلوریہ انجیلا اولاد سے محروم تھی تو اس نے انتھونی مغل نامی اپنے بھتیجے کو لے پالک کے طور پر اپنی بھابی سے لیکر اس کی پرورش شروع کردی ، لاڈ پیا ر نے اسے آوارہ اور اوباش بنادیا جس پر 64 سالہ گلوریہ نے 10 مئی 2024ء کو انتھونی مغل سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے اس کا عاق نامہ جاری کروادیا ،اس دوران انتھونی مغل کی ایک ٹاؤٹ کے ذریعے سیکرٹری 39 خواجہ رفیق جو کہ مبینہ طور پر افغان شہریوں کو پاکستان شہریت دلوانے کے ایک بڑے سکینڈل میں ملوث ہے سے صرف ایک لاکھ روپے کے عوض 14 مارچ 2025ء کو عاق نامہ جاری ہونے کے 10 ماہ بعد گلوریہ کا رجسٹرڈ ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنادیا اور خود کو اس کا وارث ظاہر کرکے اسکی تمام جائیداد اپنے نام لگواکر 2کروڑ 30 لاکھ روپے میں فروخت کردی ، اس وقت صورت حال یہ یہ کہ صاحب جائیداد ہونے کے باوجود اسلامی ملک میں ایک اقلیتی خاتون دربدر ہے اور کسی بھی محکمہ یا سرکاری فورم پر اس کی شنوائی نہیں ہورہی ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں