پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے قومی ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں 202 رنز کی شکست پر شدید غصہ ظاہر کیا۔
اس میچ کے ساتھ پاکستان نے 34 سال بعد کیریبیئن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز ہار دی، جہاں 295 رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس صرف 92 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہمیشہ شاندار اور متاثر کن ٹیلنٹ موجود رہا ہے اور ٹیم کبھی کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتی تھی، سب مل کر جیت حاصل کرتے تھے، مگر اب صورتحال مختلف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے 10 سے 15 سال میں کرکٹ کا ماحول بدل گیا ہے، کھلاڑی اب صرف اپنے لیے کھیل رہے ہیں اور اپنی اوسطوں کو اہمیت دے رہے ہیں، جبکہ مقصد ہمیشہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا ہونا چاہیے۔
شعیب اختر نے زور دیا کہ ٹیم کو ماحول تبدیل کرنا ہوگا اور جدید کرکٹ کھیلنی ہوگی، کیونکہ آج کل کھلاڑی ہلکی گیند پر بھی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور ہر جگہ پرانے طرز کی پچوں پر کھیلنا کافی نہیں۔
