ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ شروع مارچ کا موسم کماد کی مونڈھی فصل رکھنے کے لیے بہت مفید ہے۔ اس وقت رکھی گئی مونڈھی فصل سے شگوفے خوب پھوٹتے ہیں اور پودے اچھا جاڑ بناتے ہیں۔گری ہوئی فصل کی مونڈھی نہیں رکھنی چاہیے یہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔گنا سطح زمین سے آدھا تاایک انچ نیچے یا زمین کے برابر کاٹا جائے۔ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں صحت مند ماحول میں پھوٹتی ہیں۔کماد کے کھیت میں کیڑوں کے حملے، بیماری لگنے اور ہل چلاتے ہوئے مڈھ اکھڑنے سے ناغے آ جاتے ہیں۔سردی کی شدت سے بھی مڈھ مر سکتے ہیں۔اس لیے ناغوں کا پُر کرنا بہت ضروری ہے۔ گنے کے اسی قسم (ورائٹی) کے مڈھ لاکر ناغے پُر کریں۔مونڈھی فصل کو کھاد کی ضرورت لیرا فصل کی نسبت زیاد ہ ہوتی ہے لہٰذا مونڈھی فصل کو سفارش کردہ مقدار سے 30فیصد زیادہ کھاد دینی چاہیے۔آئندہ مونڈھی فصل کی پیش بندی سابقہ فصل کی ظاہر ی صحت، پودوں کا جاڑ، زمینی ساخت اور زرخیزی کو مد نظر رکھ کر کرنی چاہیے۔
