کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کچے کے عوام سے ہنگامی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے رشتہ داروں یا حکومتی ریلیف کیمپس میں فوری طور پر منتقل ہوں تاکہ سیلاب سے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں بشمول گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید سیلابی تباہی ہوئی ہے اور اب یہ خطرناک ریلا سندھ میں داخل ہونے والا ہے۔
ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کیے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر تمام وزراء اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ کچے کے علاقے میں وقت کم ہے، اس لیے محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی ضروری ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ انتظامیہ ہر جگہ موجود ہے اور عوام کی مدد کے لیے تیار ہے، تاہم اگر پانی بہت بڑھ گیا تو لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالنا پڑ سکتا ہے، جس کے دوران حادثات کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی اپیل ہے کہ لوگ از خود محفوظ مقامات پر منتقل ہوں تاکہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔
