کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم کے بیانات کو سیاسی منافقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب سے بیٹھ کر سندھ کے بلدیاتی نظام پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا حافظ نعیم شاید میئر نہ بن سکنے کے غم میں ابھی بھی مبتلا ہیں۔ سندھ کا بلدیاتی نظام آئینی دائرے میں موثر طریقے سے کام کر رہا ہے اور جماعت اسلامی کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ اگر حافظ نعیم کو سندھ کے بلدیاتی نظام سے مسئلہ ہے تو وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی اتنی ہی شدت سے آواز کیوں نہیں اٹھاتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حافظ نعیم اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے حکومت سندھ کو بے بنیاد تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کو کبھی عوامی ووٹ سے کراچی کی میئر شپ نہیں ملی اور ان کے دو میئر آمریت کے اثرات کے تحت تھے۔
شرجیل میمن نے جماعت اسلامی کو نصیحت کی کہ وہ نفرت انگیز بیانات کی بجائے تعمیری سیاست کریں اور عوام کو گمراہ نہ کریں۔
