آج کی تاریخ

شاہ محمود قریشی کی بریت کی درخواست پر عدالت کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے واقعے سے متعلق مقدمے میں بریت کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کی، جس میں شاہ محمود قریشی اور دیگر افراد نامزد ہیں۔ سماعت کے دوران ان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ اس مقدمے میں متعدد افراد کو پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے۔ عدالت نے 8 مارچ 2025 کو دیگر ملزمان کو بریت دی تھی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی پر الزام ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی ایک ویڈیو پیغام پر مبینہ طور پر املاک کو نقصان پہنچانے کی ہدایت دی، جبکہ اس کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جب کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ ترنول میں درج ہے۔
دوسری جانب، حقیقی آزادی مارچ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کے خلاف درج مقدمے کی سماعت عمران خان کی عدم پیشی کے باعث مؤخر کر دی گئی۔ ملزمان کی حاضری کے بعد عدالت نے اگلی تاریخ مقرر کر دی۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی نمائندگی ایڈووکیٹ سردار محمد مصروف خان نے کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں