آج کی تاریخ

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کا جیل سے اہم خط

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے جاری مشترکہ خط میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے ہدایت کی ہے کہ اس وقت سب کو اپنا کام چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور حالیہ سیلاب نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زندگی کو تباہ کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں حالات کو قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ پنجاب کے 25 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق متاثرہ افراد کی تعداد اگلے دو روز میں دگنی ہو سکتی ہے، اور صرف 60 سے 70 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے خط میں کہا کہ انسانی جانوں اور مال مویشیوں کو روز بروز نقصان پہنچ رہا ہے اور گندم، چاول، مکئی، آلو، کپاس اور سبزیوں کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں گندم کی بوری کی قیمت دگنی ہو گئی ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ سب حالات پنجاب حکومت کی ناکامی اور بدترین کارکردگی کا نتیجہ ہیں، اور بانی پی ٹی آئی نے زور دیا ہے کہ اس وقت تمام کام چھوڑ کر سیلاب زدگان کی فوری مدد کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں