آج کی تاریخ

شاہ زیب رند کو وزیراعظم کی جانب سے 50 لاکھ کا چیک، دیر کی وضاحت بھی آگئی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے مکسڈ مارشل آرٹس کے عالمی چیمپیئن شاہزیب رند کے والد خیر محمد نے ملاقات کی، جس دوران وزیراعظم نے شاہزیب رند کے لیے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک پیش کیا اور ان کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہزیب رند نے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر انعامی رقم نہ ملنے پر سخت ردعمل دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے اور ٹریننگ کیمپ کے لیے 8 کروڑ روپے محض زبانی دعوے ثابت ہوئے، اور انہیں ایک روپیہ بھی موصول نہیں ہوا۔
اس بیان کے بعد وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ دراصل ایک بڑی غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے تاخیر پر معذرت کرتے ہوئے شاہزیب کو قومی ہیرو قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی خدمات کی قدر کی جاتی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اس بلاجواز تاخیر کا سختی سے نوٹس لیا اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
شاہزیب رند نے ستمبر 2024 میں سنگاپور میں منعقدہ کراٹے کامبیٹ چیمپیئن شپ جیت کر پاکستان کا پہلا عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ اپریل 2024 میں دبئی میں ہونے والے مقابلے میں انہوں نے بھارتی فائٹر رانا سنگھ کو شکست دی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں