آج کی تاریخ

شالیمار ایکسپریس کمپنی لوٹ مار میں آگے، 50 ہزار روپے جاب سکیورٹی، زمین فرد ملکیت طلب

ملتان(واثق رئوف)ریلوے حکام کی کمال مہربانی سےشالیمار ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی عوام ایکسپریس کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی سے بھی دو ہاتھ آگے نکل پڑی ہے۔شالیمار ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ حاصل کرنےوالی کمپنی نےملازمت کے خواہشمند بے روزگاروں سے50ہزار روپے سکیورٹی فیس کے ساتھ زمین کی فرد ملکیت بھی مانگ لی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ شالیمار ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ حاصل کرنے والی کمپنی نے ریلوے کی طرف سے مقرر کی گئی بولی2ارب24کروڑ68لاکھ روپے 40ہزار روپے سے5کروڑ روپے زائد دے کر ٹھیکہ حاصل کیا ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر نے کمپنی کو نومبر میں ٹرین کی کمرشل مینجمنٹ سنبھالنے کی ہدایت کی ہے۔بتایاجاتاہےکہ مذکورہ کمپنی کے مالک نےگزشتہ سال خیبرمیل کےلگیج وین کے ٹھیکہ کے دوران کروڑوں روپے کے لگیج وین کو نقصان پہنچانے ،لگیج وین میں کئی سوگنا اوورلوڈنگ کےجرم میں ریلوے سے اپنی ایک کمپنی بلیک لسٹ کروائی تھی تاہم بلیک لسٹ ہونےکےاگلے ہی روز اپنی نئی کمپنی کے نام سے خیبرمیل کی لگیج وین کا ٹھیکہ حاصل کرلیا تھا۔مذکورہ مالک کی نئی کمپنی کے لگیج وین سے منشیات بھی برآمد ہوئی تھی جس کی ایف آئی آر میں ایک پارسل بکنگ کلرک کو قربانی کابکرا بنا کر معاملہ دبا دیا گیا تھا۔ اب کمپنی نے شالیمار ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ کاٹھیکہ حاصل کیا ہے۔جس میں کراچی سے لاہور تک کے سٹیشنوں کے بے روزگاروں کو لوٹنے کے لئے عوام ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی سے بھی دو ہاتھ آگے کا کام شروع کیا ہے۔بے روزگاروں سے سکیورٹی اور جاب پروسیسنگ فیس کے نام پر بھاری رقم تو وصول کی ہی جارہی ہے ساتھ میں نوکری کےخواہشمندبے روزگاروں سےکہاگیا ہے کہ وہ اپنے نام زمین کی فرد ملکیت بھی جمع کروائیں۔بتایا جاتا ہے کہ عوام ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ سنبھالنے والی کمپنی نے بھی روزگار دینے کے نام پر سینکڑوں بے روزگاروں سے اب تک کروڑوں روپے اکٹھے کئے ہیں تاہم8ماہ سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود تاحال نہ تو ان نوجوانوں کو جن سے ملازمت کے نام پر رقم اکٹھی کی ہے ملازمت پر بلایا ہے نہ ہی ریلوے ہیڈ کوارٹر کی طرف سے بار بار ٹرین کی کمرشل مینجمنٹ سنبھالنے کی ہدایت کے باوجود کمرشل مینجمنٹ سنبھالی ہے۔اب یہی کام شالیمار ایکسپریس کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کرنے جارہی ہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے حکام لوٹ مار کے اس کھیل سے مکمل علم رکھنے کے باوجود چشم پوشی کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔یہ چشم پوشی بذات خود ایک سوالیہ نشان ہے۔عوامی،سیاسی حلقوں اور ریلوے ملازمین نے وفاقی وزیر ریلوے سمیت دیگر ذمہ دران سے اس لوٹ مار کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں : ملتان: ریلوے ترقیاتی کاموں پر ڈی ایس کا قبضہ، چہیتے ملازمین نے سٹیشن سنبھال لئے

شیئر کریں

:مزید خبریں