شاباش ملتان پولیس: 40 دنوں میں جرائم 51 فیصد، سنگین وارداتیں 65 فیصد تک کمی

ملتان(نمائندہ قوم،کرائم رپورٹر ) پولیس کےمطابق سال 2026 کے ابتدائی 40 روز کے دوران ضلع ملتان میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق مختلف جرائم کی کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 51 فیصد تک کمی سامنے آئی ہےجبکہ بعض سنگین جرائم میں یہ کمی 65 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔پولیس اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی 40 روز میں مجموعی طور پر 8 ہزار 120 مقدمات درج ہوئے تھےجبکہ رواں سال اسی عرصہ کے دوران 4 ہزار 18 مقدمات درج کیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 4 ہزار 102 مقدمات کی کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ 51 فیصد بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 63 فیصد، ڈکیتی میں 67 فیصد، گاڑی چوری میں 64 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 65 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ دیگر جرائم میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی زیر نگرانی ملتان پولیس نے مؤثر پٹرولنگ پلان، سنیپ چیکنگ، سرپرائز ناکہ بندی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا۔ پولیس کے مطابق رواں سال کے پہلے 40 روز کے دوران 40 سے زائد سرچ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس موبائل، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ واردات کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ علاقوں میں پولیس ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے کہ ڈکیتی،رابری، چوری اور موٹرسائیکل و دیگر جرائم میں ملوث گینگز کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان پولیس جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔شہری حلقوں نے جرائم میں کمی کے دعوؤں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ شہر میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں