ملتان (وقائع نگار) سی ای او ایجوکیشن ملتان طاہرہ عزیز کی بطور مظفرگڑھ سی ای او ایجوکیشن تعیناتی کے دوران نعیم اکبر لغاری ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری فیاض احمد ڈکھنہ عمار بن قاسم کلرک سے مل کر لاکھوں روپے کی کرپشن کی ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیاض ڈکھنہ سینئر کلرک جو کہ ارحم ٹریڈرز ،مہر ٹریڈرز ،عبداللہ ٹریڈرز اور اپنے بیٹے کی اے اے ٹریڈرز کی مکمل سرپرستی کرتا ہے اور عمار بن قاسم خان ٹریڈرز کے نام سے اپنے رشتہ دار کے نام پر رجسٹر کروا کر خود کاروبار کرتا ہے۔ ان کی لا تعداد شکایات کی وجہ سے ان کی سروسز سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اپنی ڈسپوزل پر لے لی تھی مگر ان دونوں کلرکوں نے سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز اور نعیم اکبر لغاری کے خاص ہونے کی وجہ سے مظفرگڑھ میں اپنا کاروبار جاری رکھا ۔تفصیل کے مطابق اکتوبر 2025 میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پنجاب کے تمام سی ای او ایجوکیشن کو ہدایات جاری کی کہ وہ تمام سکولوں میں تین رنگوں میں ڈسٹ بن رکھوائیں اور یہ خریداری سکول اپنے این ایس بی فنڈ سے کریں گے اس آرڈر کے ملتے ہی سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز اور اس کے ٹاؤٹوں فیاض ڈکھنہ، عمار بن قاسم اور نعیم اکبر لغاری کے وارے نیارے ہو گئے۔ انہوں نے تمام سکولوں کو ہدایت دی کہ وہ ارحم ٹریڈرز، مہر ٹریڈرز، عبداللہ ٹریڈرز اور خان ٹریڈرز سے یہ ڈسٹ بن خریدیں۔ مبلغ 9 ہزار روپے فی سکول کے حساب سے یہ ڈسٹ بن خریدی گئیں اور ایک ہزار روپے فی سکول کمیشن حاصل کیا گیا ہے۔ یوں تقریباً 1500 سکولوں میں یہ فروخت کروا کر 15 لاکھ روپے رشوت حاصل کی گئی۔ علاوہ ازیں جنوری 2026 میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب لاہور کی ہدایات کے مطابق پنجاب کے تمام ٹیچرز کو گاؤن پہن کر طلبا و طالبہ کو پڑھانے کی ہدایت دی گئی یہاں پر اس موقع سے خوب فائدہ اٹھایا گیا اور سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز نے اپنے ٹاؤٹوں سے مل کر ارحم ٹریڈرز، مہر ٹریڈرز ،عبداللہ ٹریڈرز اور اے اے ٹریڈرز کے ذریعے تقریباً 6 ہزار ٹیچرز ہیڈ ٹیچرز کو گاؤن فراہم کیے گئے اور فی گاؤن 500 روپے کمیشن وصول کیا گیا ۔یوں 30 لاکھ روپے کا کمیشن حاصل کیا گیا۔ عوامی سماجی اور تعلیمی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب مدثر ریاض ملک اس کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کا فوری نوٹس لیں اور ان ذمہ داران آفیسر زکے خلاف انضباطی کارروائی کریں۔







