لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم، چکوال اور راولپنڈی میں حالیہ بارشوں کے بعد پانی کی مکمل نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ کے دوران مریم نواز نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کو حکومت کی نااہلی قرار دینا درست نہیں، یہ سب ایک قدرتی آفت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ ممکنہ بارشوں کے دوران جانی نقصان سے بچنے کے لیے وارننگ سسٹم کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ 21 جولائی کے متوقع بارشوں کے اسپیل سے قبل تمام متعلقہ ادارے مکمل تیاری کریں، اور ان اضلاع میں 100 فیصد نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متعدد سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں۔
