آج کی تاریخ

سیلابی صورتحال میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرین کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلابی صورتحال کے باوجود انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تینوں بڑے دریاؤں پر شدید دباؤ ہے اور توقع سے زیادہ پانی آنے کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں، لیکن پنجاب حکومت نے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصان کا مکمل ازالہ کیا جائے گا، تاہم جن لوگوں نے آبی گزرگاہوں میں گھر تعمیر کیے ہیں ان کو ہٹایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نارووال مکمل زیرِ آب آچکا ہے، جب کہ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی تشویشناک صورتحال ہے، مگر انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بہترین کام کیا ہے، جس پر وہ تمام افسران اور اداروں کو شاباش دیتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی راوی میں اتنا پانی نہیں دیکھا۔ ہمیں مستقبل کے لیے اپنے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہوگا، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیمز اور اسٹوریج سسٹم کی ضرورت ہے کیونکہ یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے منصوبے تیار کریں جن کے ذریعے بارش اور سیلابی پانی کو محفوظ کر کے استعمال میں لایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں