آج کی تاریخ

سیلابی ریلے کے پیش نظر رواز پل توڑنے کا فیصلہ، پنجاب کے شہروں کو محفوظ بنانے کے اقدامات

لاہور: دریائے چناب، راوی اور ستلج میں شدید سیلابی ریلے کے باعث پنجاب کے دو شہروں جھنگ اور چنیوٹ کو محفوظ بنانے کے لیے رواز پل کو بریچ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ والے علاقوں کو فوری خالی کروانے کی ہدایات دی گئیں۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں اضافی انتظامی افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کے لیے کلینک آن ویلز کو روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ ٹینٹ ویلیجز میں تمام بنیادی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ریسکیو و ریلیف سامان کی تمام ڈیمانڈز کو پورا کیا جائے۔
زاہد اختر زمان نے کہا کہ تمام ادارے اور افسران اپنے فرائض بہترین انداز میں سر انجام دے رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے چارے اور ویکسین فراہم کرنے کی ذمہ داری محکمہ لائیو اسٹاک ونڈہ پر عائد کی گئی ہے۔ تمام میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس میں بتایا کہ مون سون بارشوں کے 9 ویں اسپیل کے دوران گجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں بارشیں متوقع ہیں۔ دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلا جھنگ کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ راوی میں 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا آگے بڑھ رہا ہے، تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں بہاؤ میں کمی کی توقع ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں