سیالکوٹ: سمبڑیال کے مقام پر دریائے چناب میں بڑھتے ہوئے سیلابی پانی کے پیش نظر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک تمام فلائٹ آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔
سیال انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر سیلابی پانی جنوبی جانب سے داخل ہو رہا ہے، اور فلائٹس کی معطلی کا باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔ سیال انتظامیہ کی تمام افرادی قوت اور مشینری متحرک ہے تاکہ سیلابی پانی کو بروقت نکالا جا سکے، اور ڈی واٹرنگ پمز سمیت دیگر وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایئرپورٹ کی ٹرمینل، بلڈنگ، پارکنگ اور رن وے زیادہ تر محفوظ ہیں جبکہ سیلابی پانی حفاظتی بند عبور کرکے ایئرپورٹ میں داخل ہوا۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عارضی بندش کے باعث پی آئی اے نے اپنا فضائی آپریشن لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا ہے۔ آج صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں لاہور سے چلائی جائیں گی۔ ان میں پی کے 746 جدہ تا سیالکوٹ، پی کے 745 سیالکوٹ تا جدہ، پی کے 239 سیالکوٹ تا کویت، اور پی کے 244 دمام تا سیالکوٹ شامل ہیں۔ تمام مسافروں سے درخواست ہے کہ اپنی پروازوں اور شیڈول کی معلومات کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786-786-111 سے رابطہ کریں۔
