ملتان (وقائع نگار) سگریٹ کی کمائی پر جھگڑا، با اثر کسٹم انسپکٹر اور نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی کلکٹر کسٹم میں تلخ کلامی ہو گئی ۔ڈپٹی کلکٹر نے ملتان ایئرپورٹ پر دبئی سے آنیوالی فلائٹس کو چیک کرنا بھی چھوڑ دیا ، سمگلروں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ۔تفصیل کے مطابق ملتان ایئرپورٹ جہاں 50 لاکھ سے زائد مالیت کے نان کسٹم پیڈ سگریٹ جو کہ عرب ممالک جانے والے مسافروں سے برآمد کر کے ضبط کیے گئے تھے بعد ازاں مارکیٹ میں فروخت کر کے اس کی رقم آپس میں تقسیم کر لی گئی ۔ایک ہفتہ قبل تک ملتان ایئرپورٹ پر تین شفٹوں میں فلائٹس چیک کی جا رہی تھیں لیکن ایک ہفتہ قبل ایک سپرنٹنڈنٹ نے نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی کلکٹر کسٹم ملتان ایئرپورٹ قرۃ العین رامے کی ڈیمانڈز سے تنگ آکر لمبی چھٹی لے لی جس کی وجہ سے ملتان ایئرپورٹ پر گزشتہ ایک ہفتے سے دو شفٹیں کام کر رہی ہیں جسکی وجہ سے اس ہفتے کے اختتام پر پکڑے جانے والے سگریٹ کی فروخت سے جو رقم حاصل ہوئی اس پر ڈپٹی کلکٹر ملتان ایئرپورٹ قرۃ العین نے انسپکٹر ارسلان میرانی سے کہا کہ تیسری شفٹ کی رقم سے بھی مجھے حصہ دیں جس پر با اثر انسپکٹر ارسلان میرانی اور ڈپٹی کلکٹر کے مابین تلخ کلامی ہو گئی۔ انسپکٹر ارسلان میرانی نے کہا کہ اب ہم آٹھ گھنٹے کے بجائے 12 گھنٹے ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔اس لیے تیسری شفٹ کے پیسوں پر ہمارا حق ہے۔ آپ کو جو مل رہا ہے وہی بہت ہے ۔چند ماہ قبل بھی چیف کلکٹر کے قریبی عزیز با اثر انسپکٹر ارسلان میرانی نے سگریٹ کی اسی تقسیم پر سابقہ ڈپٹی کلکٹر کسٹم ایئرپورٹ احمد ظہیر سے بھی جھگڑا کیا تھا اور بعد میں اپنے قریبی عزیز چیف کلکٹر ایئرپورٹ حسن ثاقب کو کہہ کر ڈپٹی کلکٹر احمد ظہیر کا ملتان سے لاہور تبادلہ کروا دیا تھا۔انسپکٹر کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ڈپٹی کلکٹر ملتان ایئرپورٹ نے دبئی سے آنے والی 90 فیصد فلائٹس کو چیک کرنا بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملتان ایئرپورٹ پر سمگلروں کو مکمل طور پر کھلی جھوٹ مل گئی ہے۔ اس حوالے سے جب ڈپٹی کلکٹر ملتان ایئرپورٹ قرۃ العین رامے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جھگڑا سگریٹ کی تقسیم پر نہیں ہوا بلکہ میں نے انسپکٹر ارسلان میرانی کو دیر سے آنے پر ڈانٹا جس کی وجہ سے تلخ کلامی ہوئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر سمگلنگ کی اطلاع بالکل بے بنیاد ہے۔ خاتون آفیسر ہونے کے ناطے ملتان ایئرپورٹ پر رات کی فلائٹس میں چیک نہیں کر سکتی ۔
