اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ کی تاریخ کے اہم ترین اور جرات مندانہ فیصلوں میں سے ایک ہے۔
ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اگرچہ عدلیہ نے ماضی میں ضیاء الحق، یحییٰ خان اور پرویز مشرف جیسے آمروں کے بعد اہم فیصلے دیے، لیکن صرف دو بار ایسا ہوا کہ عدلیہ نے جبر کے دور میں کھل کر اس کے خلاف فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلا فیصلہ یکم جولائی 1988 کو سامنے آیا، جبکہ دوسرا بڑا فیصلہ 12 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے آٹھ جج صاحبان نے دیا، جب اسٹیبلشمنٹ یہ چاہتی تھی کہ پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ دی جائے۔ تاہم، عدلیہ نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے کر جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کو بحال کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں قانون و آئین کی کوئی قدر نہیں رہی، جو چاہتا ہے اپنی مرضی سے نظام چلا رہا ہے۔
