اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس 2 دسمبر کو منعقد ہوں گے، جن میں مجموعی طور پر تین میٹنگز شامل ہوں گی۔
جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق، سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تقرری، جبکہ سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کے عہدوں کے لیے ناموں پر غور اور منظوری شامل ہے۔
پہلا اجلاس دوپہر 1:30 بجے، دوسرا 2:00 بجے، جبکہ تیسرا اجلاس 2:30 بجے ہوگا۔
ایجنڈے کے مطابق پہلے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری پر غور کیا جائے گا، جس کے لیے ہائی کورٹ کے تین سینئر ترین ججز کے نام زیر بحث آئیں گے۔
دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے پہلے تین سینئر ججز کے ناموں کا جائزہ لیا جائے گا۔
جوڈیشل کمیشن کے تیسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایک جج کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے کے معاملے پر غور ہوگا، جس کے لیے آئی ایچ سی کے تین سینئر ججز — چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب — کے نام پیش کیے جائیں گے۔







