آج کی تاریخ

سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ پابندی سے لاکھوں ڈالر کے آرڈرز متاثر، غیر ملکی خریداروں میں تشویش

کراچی: ملک میں سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ پر پابندی کی وجہ سے لاکھوں ڈالر کے آرڈرز متاثر ہو گئے ہیں۔ ایس آر او 760 کی معطلی کے بعد پاکستانی ایکسپورٹرز غیر ملکی خریداروں کو آرڈرز کی فراہمی اور ایڈوانس گولڈ کی واپسی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے پاکستانی سفارتخانے کو خط لکھ کر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ پاکستان جیمز جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق مارچ 2025ء کے آرڈرز بھی مکمل نہ ہو سکے اور گزشتہ چار ماہ میں ایک گرام زیورات بھی برآمد نہیں ہو سکا، جس کے باعث ترسیلات زر کو 15 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
کل 50 کلو ایڈوانس گولڈ، جس کی مالیت 6 ملین ڈالر ہے، ملک میں پھنس گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر برآمدات فوری طور پر بحال نہ کی گئیں تو پاکستان کی عالمی ساکھ متاثر ہو گی اور مارکیٹ بھارت کے ہاتھ لگ سکتی ہے۔ سابق چیئرمین حبیب الرحمن کے مطابق 8 بڑے ایکسپورٹرز کے پاس 60 ملین ڈالر کے آرڈرز تھے، جو بھارت سے حاصل کیے گئے تھے، مگر ایس آر او 760 کی معطلی نے نہ صرف آرڈرز معطل کیے بلکہ ایڈوانس گولڈ کی واپسی بھی مشکل بنا دی۔
ایکسپورٹرز نے متعدد بار متعلقہ وزارتوں اور اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقات کر کے حل تلاش کرنے کی کوشش کی، مگر وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے اور غیر ملکی خریدار قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں