موسم گرما میں دن کے وقت سورج کی شدت اپنے عروج پر ہوتی ہے، ایسے میں گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر نصب سولر پینلز پوری طاقت کے ساتھ بجلی پیدا کر رہے ہوتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے وقت میں ان پینلز کی صفائی کے لیے پانی کا استعمال سنگین خطرات کا سبب بن سکتا ہے۔
تکنیکی ماہرین کے مطابق، دن کے وقت جب پینلز بجلی پیدا کر رہے ہوتے ہیں، ان پر پانی ڈالنے سے کرنٹ لگنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر اگر کہیں وائرنگ میں لیکیج ہو یا انسولیشن کا مناسب بندوبست نہ کیا گیا ہو۔ چونکہ پانی بجلی کا اچھا موصل ہے، اس لیے ذرا سی غفلت جان لیوا حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سولر پینلز کی صفائی ہمیشہ شام کے وقت یا اس وقت کی جائے جب سورج کی روشنی کم ہو اور پینلز توانائی پیدا کرنا بند کر چکے ہوں۔ اس سے نہ صرف جان و مال کی حفاظت ممکن ہے بلکہ صفائی کا عمل بھی زیادہ محفوظ انداز میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سولر سسٹمز کی صفائی یا دیکھ بھال کے دوران مناسب حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور اگر ممکن ہو تو کسی ماہر کی مدد حاصل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
