آج کی تاریخ

سولر پر 18 فیصد ٹیکس ختم کرنے کی سینیٹ کمیٹی کی سفارش

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سولر پینلز پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کو ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
اجلاس میں اراکین نے انکشاف کیا کہ بجٹ سے قبل مخصوص عناصر نے بڑی مقدار میں سولر مصنوعات درآمد کر کے ذخیرہ کر لی تھیں، اور بجٹ میں اچانک 18 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا، جس سے عام صارفین شدید متاثر ہوں گے۔
کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے سولر پر ٹیکس واپس لینے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی آئی اے کو نئے طیاروں کی درآمد پر سیلز ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے تو پھر یہ سہولت تمام ایئرلائنز کو دی جانی چاہیے، ورنہ یہ قانون امتیازی تصور ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ تجویز منظور ہوئی تو فوری طور پر عدالت میں چیلنج ہو جائے گی، کیونکہ کیپٹل گڈز کی تعریف کے تحت ہوائی جہاز کی خریداری کو محدود کرنے سے ایئرلائن انڈسٹری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ سولر پر ٹیکس کے معاملے پر اٹارنی جنرل سے مشاورت کی جائے گی اور پھر اسے دوبارہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں